یوراج اور ہربھجن سنگھ نے کچھ دنوں پہلے کورونا وائرس سے لڑنے کے لیے آفریدی کے ادارے کے لیے مدد کی اپیل کی تھی جس کے بعد ملک بھر میں ان دونوں کھلاڑیوں پر سخت تنقید ہوئی تھی۔
انسانیت کے ناطے مدد کی تھی، اب نہیں کروں گا: یوراج
پاکستان کے سابق کھلاڑی شاہد آفریدی کے ادارے کی مدد کرنے کے بعد لوگوں کے نشانے پر آئے بھارت کے سابق آل راؤنڈر یوراج سنگھ نے کہا ہے کہ انہوں نے انسانیت کے طور پر مدد کی اپیل کی تھی لیکن اب وہ ایسا کبھی نہیں کریں گے۔
آفریدی ہفتہ کو پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے دورے پر گئے تھے اور وہاں انہوں نے بھارت اور وزیر اعظم نریندر مودی کو برا بھلا کہا تھا جس کے بعد ان دونوں کھلاڑیوں کو لوگوں نے ایک بار پھر نشانے پر لیا۔
یوراج نے سنگھ نے اس سلسلے میں ٹویٹ کیا اور آفریدی کے بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ 'آفریدی کے وزیر اعظم نریندر مودی پر دیے گئے بیان سے میں مجروح ہوا ہوں، ایک ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے میں ایسے الفاظ قبول نہیں کر سکتا، میں نے انسانیت کے ناطے مدد کی اپیل کی تھی لیکن اب کبھی ایسا نہیں کروں گا'۔