موجودہ پروگرام کے مطابق ویسٹ انڈیز کو انگلینڈ میں تین ٹیسٹ کھیلنے ہیں اور پہلا ٹیسٹ چار جون سے اوول میں کھیلا جائے گا۔ انگلینڈ کے گھریلو سیزن میں کورونا کے خطرے کی وجہ سے تاخیر ہورہی ہے اور انگلینڈ میں جون میں کورونا معاملات بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے سیریز کا اپنے مقررہ پروگرام کے مطابق منعقد ہونا مشکل ہے۔
سمجھا جاتا ہے کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) اور کرکٹ ویسٹ انڈیز (سي ڈبلیوآئي) نے حالیہ دنوں میں سیریز کے باارے میں کئی بار بات کی ہے جس میں اس اختیار پر بھی غور کیا گیا ہے کہ سیریز کو یا تو ستمبر تک لے جائیں یا پھر اسے ویسٹ انڈیز میں منعقد کیا جائے۔
یہ بھی سمجھا جاتا ہے کہ سي ڈبلیوآئي نے انگلینڈ کی پاکستان کے خلاف 30 جولائی سے ہونے والی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کی میزبانی کرنے کی بھی پیشکش کی ہے۔ ویسٹ انڈیز میں کورونا کے پانچ کیس ہی روشنی میں آئے ہیں جن میں سے دو دو باربادوس اور سینٹ لوسیا میں ہیں جبکہ ایک انٹيگا میں ہے۔
انگلینڈ کو ستمبر کے وسط میں تین ون ڈے کے لئے آئر لینڈ کی میزبانی کرنی ہے اور یہ ہو سکتا ہے کہ انگلینڈ کی دو ٹیمیں (ٹیسٹ اور ون ڈے) ایک ہی وقت دو مختلف مقامات پر کھیلتی نظر آئیں۔