ویسٹ انڈیز کو انگلینڈ کے خلاف 8 جولائی سے تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز کھیلنی ہے۔ ہدایات کے مطابق ٹیم کے تمام کھلاڑیوں اور معاون عملے کے لئے انگلینڈ روانگی سے قبل کورونا ٹیسٹ کرانا لازمی تھا۔
کرکٹ ویسٹ انڈیز کے چیف ایگزیکٹو جانی گری نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں اور عملے کی جانچ کی گئی تھی جس کا نتیجہ منفی آیا ہے ۔کپتان جیسن ہولڈر کی قیادت میں ٹیم چارٹر طیارے سے اینٹیگوا روانہ ہوگی اور مانچسٹر پہنچے گی۔ ٹیم کے کھلاڑی اولڈ ٹریفورڈ میں ٹھہریں گے اور تین ہفتوں تک وہاں ٹریننگ کریں گے۔ ٹیم 3 جولائی کو ساؤتھمپٹن روانہ ہوگی جہاں پہلا ٹیسٹ 8 جولائی سے کھیلا جائے گا۔
گذشتہ ہفتے ویسٹ انڈیز نے 11 ریزرو کھلاڑیوں سمیت 25 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے تقریبا تین ماہ سے پوری دنیا میں کرکٹ کی سرگرمیاں تعطل کا شکار ہیں۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) ونڈیز کے دورے کے لئے برطانوی حکومت کی حتمی منظوری کی منتظر ہے۔ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ پہنچنے پر پوری ٹیم تنہائی میں قرنطینہ کرے گی اور کوویڈ ۔19 کے لئے ان کا دوبارہ ٹیسٹ کیا جائے گا۔