پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا اور آخری ٹسٹ میچ کل سے کراچی میں کھیلاجائے گا۔ اس میچ کے لیے اچھی خبریہ ہے کہ میچ کے دوران بارش کا امکان کم ہے۔
پاک سری لنکا ٹیسٹ میچ کے بارش سے متاثر ہونے کے کم امکانات، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ بارش کے باعث بنا کسی نتیجے کے ختم ہوگیا تھا۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی 10 سال بعد ٹیسٹ میچ کی میزبانی کے لیے تیار ہوگیا ،پاکستان کے تاریخی ٹیسٹ سنٹر میں پانچ روزہ میچ کا آغاز کل جمعرات سے ہوگا۔ اسٹیڈیم میں ڈریسنگ روم اور امپائرز روم کی تیاری کے علاوہ انکلوڑرز میں سہولیات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
گھاس کی کٹائی اور اسکوائر کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔ کیوریٹر نیشنل اسٹیڈیم کراچی ریاض احمد نے کہاکہ دس سال بعد ملک میں ٹیسٹ کرکٹ میچ کی واپسی ایک خو ش آئند عمل ہے اور بطور گراؤنڈاسٹاف وہ اس میچ کے لیے سازگار پچ کی تیاری کے لیے پرجوش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دو ماہ قبل نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ایک روزہ سیریزکا انعقاد بہترین کنڈیشنز میں ہوا تھا۔
انہوں نے کہاکہ حال ہی میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی نے پاکستان کے پریمیر کرکٹ ٹورنامنٹ ، قائداعظم ٹرافی سیزن 20-2019 کے 4 میچز کی میزبانی کی ہے، اس کے علاوہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے متعدد میچز کی میزبانی بھی اسٹیڈیم کو کرنی ہے۔
ریاض احمد نے کہا کہ وہ گذشتہ 12 سال سے پاکستان کرکٹ بورڈ سے منسلک ہیں تاہم سری لنکا کے خلاف سیریز کی تیاریوں کی غرض سے وہ 3ماہ قبل ہی نیشنل اسٹیڈیم کراچی پہنچے ، انہوں نے کہا کہ یہاں 10 سے زائد افراد پر مشتمل گراؤنڈ اسٹاف 19 دسمبر سے شروع ہونے والے میچ کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے سخت محنت کررہا ہے۔