بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی بدھ کے روز جاری آئی سی سی کی تازہ ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں نمبر ایک پوزیشن پر برقرار ہیں، لیکن ٹیسٹ ماہر بلے باز چتیشور پجارا اور نائب کپتان اجنکیا رہانے کو نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
ٹیسٹ رینکنگ میں آسٹریلیا کے ابھرتے ہوئے اسٹار بلے باز مارنس لابوشین نے بڑی چھلانگ لگائی اور دنیا کے تیسرے نمبر کے بلے باز بن گئے ہیں، جو ان کے کیریئر کی بہترین درجہ بندی بھی ہے۔ لابوشین آسٹریلیا کے لیے نیوزی لینڈ کے خلاف تین ۔صفر کی ٹسٹ سیریز جیت میں مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز رہے تھے۔
لابوشین کے 827 ریٹنگ پوائنٹس ہیں اور وہ نمبر ایک بھارتی کپتان وراٹ سے ابھی 101 ریٹنگ پوائنٹس پیچھے ہیں جو سب سے زیادہ 928 پوائنٹس کے ساتھ چوٹی پر برقرار ہیں۔وہیں دوسرے نمبر پر آسٹریلیا کے سابق کپتان اسٹیون اسمتھ ہیں جن کے 911 پوائنٹس ہیں۔ا سمتھ اور وراٹ کے درمیان 17 پوائنٹس کا فاصلہ ہے۔