بھارتی کرکٹ کپتان اور دنیا کے نمبر ایک ٹیسٹ بلے باز وراٹ کوہلی نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم دنیا میں کہیں بھی کسی کو بھی شکست دینے کے اہل ہے اور آسٹریلیا سے دن رات ٹیسٹ کھیلنے میں انہیں کوئی گریز نہیں ہے ۔
بھارت نے اس سے پہلے آسٹریلیا کے دورے پر میزبان ٹیم کے ساتھ گلابی گیند سے میچ کھیلنے سے انکار کر دیا تھا لیکن گزشتہ سال اس نے دن رات کی شکل میں ڈیبو کرلیا اور گھریلو میدان پر بنگلہ دیش سے سیریز کا ایک میچ كولكاتا کے ایڈن گارڈن میں گلابی گیند سے کھیلا اور تین دن میں ہی اسے جیت بھی لیا تھا۔
وراٹ نے آسٹریلیا کے ساتھ ون ڈے سیریز کے پہلے میچ کے موقع پر پیر کو کہا کہ ان کی ٹیم دنیا کے کسی بھی کونے میں کسی بھی ٹیم کو شکست سے دو چار کر سکتی ہے۔ بھارت اور آسٹریلیا تین ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلیں گی جس کا پہلا میچ 14 جنوری کو ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں ہوگا۔