آسٹریليا اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین میچوں کی ون ڈے سیریز کا پہلا مقابلہ جمعہ کے روز سڈنی میں کھیلا گیا لیکن ہفتہ کو نیوزی لینڈ کی حکومت کے ذریعہ آسٹریلیا سے آنے والے لوگوں کو 14 دنوں کے لئے الگ تھلگ رکھنے کے فیصلے کے بعد اس سیریز کے باقی دو میچوں کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
نیوزی لینڈ کی حکومت کے ذریعہ سفر پرپابندیوں کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم کو واپس لوٹنا ہوگا۔ ٹیم مینجمنٹ کھلاڑیوں کو واپس بھیجنے کا انتظام کر رہی ہے۔ اس سے پہلے دونوں ممالک کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ ناظرین کے بغیر کھیلا گیا تھا۔
اس دوران نیوزی لینڈ کے کھلاڑی لوکی فرگوسن کو گلے میں دقت کے بعد احتیاطا ٹیم سے دور رکھا گیا ہے اور ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ بھی کرایا گیا ہے۔ اگرچہ ان کی رپورٹ ابھی تک نہیں آئی ہے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ آسٹریلیا کے ساتھ سیریز کے باقی میچوں کو بعد میں کرایا جائے گا۔ انہوں نے بیان جاری کرکے کہاکہ نیوزی لینڈ کرکٹ حکومت کی تشویش سمجھتی ہے اور ان کے فیصلے کا احترام کرتی ہے۔ یہ وقت خطرہ نہ لے کر احتیاط برتنے کا ہے اور ہمارے لئے کھلاڑیوں کی صحت زیادہ معنی رکھتی ہے۔