جوہانسبرگ کے وانڈرر گراؤنڈ میں کھیلے گیے چوتھے اور آخری ٹسٹ میچ میں تیز گیندباز مارک ووڈ (54رن پر چار وکٹ) کی ایک اور شاندار گیندبازی کی بدولت انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن پیر کو 191رن کے بڑے فرق سے شکست دیکر چار میچوں کی سیریز 2-1سے جیت لی۔
انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کے سامنے جیت کے لئے 466رن کا ناممکن ہدف رکھا تھا جس کا تعاقب کرتے ہوئے میزبان ٹیم 77.1اوور میں 274رن پر سمٹ گئی۔
پہلی اننگز میں 46رن پر پانچ وکٹ لینے والے ووڈ نے دوسری اننگز میں 16.1اوور میں 54رن پر چار وکٹ لئے۔
اسٹورٹ براڈ نے 26رن پر دو وکٹ، بین اسٹوکس نے 47 رن پر دو وکٹ اور کرس ووکس نے 47رن پر ایک وکٹ لیا۔
جنوبی افریقہ کی دوسری اننگز میں ریسی وان ڈیر ڈوسین نے 138گیندوں میں 15چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 98رن کی شاندار اننگز کھیلی لیکن وہ ٹیم کو شکست سے نہیں بچا سکے۔