انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر بین اسٹوکس نے اپنے ایک بیان میں اپنی ٹیم ساتھیوں کو خبردار کیا ہے کہ سیریز میں واپسی کرنے کے لئے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں 100 فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم نے پہلے ٹیسٹ میچ میں اچھا کھیل پیش کرکے کامیابی حاصل کی لیکن آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں مربوط حکمت عملی کے تحت جیت کے لئے میدان میں اتریں گے اور آسٹریلیا کو شکست دیکر سیریز میں شاندار واپسی کریں گے۔
انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچوں کی ایشز سیریز کا دوسرا میچ 14 اگست سے لندن میں لارڈز کے مقام پر شروع ہوگا۔آسٹریلوی ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ایشز ٹیسٹ سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔
آسٹڑیلیا نے میزبان ٹیم کو پہلے ایشز ٹیسٹ میچ میں 251 رنز سے شکست فاش سے دوچار کیا تھا۔انگلش ٹیم کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں اپنے تیز گیند باز جیمز اینڈرسن کی بھی خدمات حاصل نہیں ہوں گی جو انجری مسائل کے باعث دوسرے ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔
پہلے ٹیسٹ میچ میں شاندار فتح کے بعد آسٹریلوی ٹیم نے دوسرا میچ جیت کر سیریز میں برتری دگنی کرنے پر نظریں مرکوز کر لی ہیں جبکہ دوسری جانب میزبان ٹیم سیریز میں واپسی کرنے کیلئے پر جوش ہے اس لئے دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔