بی سی سی آئی نے خصوصی طور پر ہندوستان اور انگلینڈ کی ٹیم کو بڑی راحت دی ہے، اس وقت دونوں ٹیمیں سیریز کھیل رہی ہیں اور ایسے میں بی سی سی آئی نے ہندوستان اور انگلینڈ کے کھلاڑیوں کو بغیر کوارنٹائن سے گزرے آئی پی ایل فرنچائزی کے بائوببل میں داخلے کی اجازت دی ہے جبکہ دیگر حالات میں چاہے کھلاڑی ہوں، فرنچائزی مالک، منیجمنٹ کے ارکان، کمنٹیٹر یا میچ افسران سبھی کو سات دن کے لازمی کوارنٹائن میں رہنا ہوگا۔
بی سی سی آئی نے اپنے ایک نوٹ میں لکھا ہے کہ ہندوستان اور انگلینڈ کے لئے جو بائو ببل بنایا گیا ہے اس سے آنے والے کھلاڑی کوارنٹائن سے گزرے بغیر فرنچائزی کے ساتھ جڑ سکتے ہیں، اگرچہ اس کے لیے انہیں ٹیم ہوٹل میں سیدھے ٹیم بس یا چارٹر فلائٹ سے آنا ہوگا۔
نوٹ کے مطابق اگر نقل و حمل سے متعلق انتظامات بی سی سی آئی کے چیف ہیلتھ افسر کے مطابق ہوتے ہیں تو کھلاڑی سیدھی فرنچائیزی کے بائو ببل میں شامل ہوسکتے ہیں اور انہیں کوارنٹائن یا کورونا ٹسٹ (آر ٹی پی سی آر) کی ضرورت نہیں ہوگی۔