آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ خواتین کرکٹ ٹیم کے مابین ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز جاری ہے اور برسبین کے ایلن بارڈر فیلڈ میں کھیلا گیا میچ آسٹریلیائی وکٹ کیپر الیسا ہیلی کے عالمی ریکارڈ کی وجہ سے یادگار بن گیا۔
ہیلی نے ٹی 20 فارمیٹ میں وکٹ کے پیچھے سب سے زیادہ کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے سابق بھارتی کپتان اور وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی کا ریکارڈ توڑ دیا۔
الیسا ہیلی نے کرکٹ کے مختصر ترین فارمیٹ میں وکٹ کے پیچھے 92 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے یہ ریکارڈ اپنے نام کیا جبکہ دھونی نے ٹی 20 بین الاقوامی میچوں میں وکٹ کے پیچھے 91 شکار کئے ہیں۔
دھونی نے بھارت کی جانب سے 98 ٹی 20 میچز میں یہ ریکارڈ بنایا تھا جبکہ آسٹریلیا کی الیسا ہیلی نے 114 میچوں میں یہ سنگ میل عبور کیا ہے۔
دھونی اس وقت آئی پی ایل میں چنئی سپر کنگز کی جانب سے کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے رواں برس 15 اگست کو انٹرنیشنل کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کیا تھا۔