افغانستان کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے واحد ٹیسٹ میچ میں جیت سے محض چار وکٹ دور ہے۔
میزبان بنگلہ دیش نے چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے تک 6 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنا لیے ہیں اور اسے اب بھی 262 رنز کی ضرورت ہے۔
چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے تک بنگلہ دیش کی جانب سے کپتان شکیب الحسن 39 رنز اور سومیہ سرکار بغیر کھاتہ کھولے کریز پر موجود ہیں۔
شکیب الحسن 46 گیندوں کی اپنی اننگز میں چار چوکے لگا چکے ہیں اور ان پر اپنی ٹیم کو شکست کے خطرے سے باہر نکالنے کی بڑی ذمہ داری ہے۔
اس سے قبل افغانستان کی ٹیم نے دوسری اننگز میں سابق کپتان اصغر افغان کے 50 رنز اور وکٹ کیپر بلے باز افسر ززئی کی ناٹ آؤٹ 48 رنز کی بہترین اننگز کی بدولت 260 رنز بنائے تھے اور بنگلہ دیش کے خلاف 397 رنز کی بڑی برتری حاصل کر لی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن نے 58 رنز دے کر تین وکٹیں جبکہ مہدی حسن، تیج الاسلام اور نعيم حسن کے حصے میں دو دو وکٹیں آئیں۔
ہدف کا تعاقب کرنے اتری میزبان بنگلہ دیش کی ٹیم کی بلے بازی تاش کے پتوں کی طرح بکھرگئی اور نصف ٹیم 106 رن کے اسکور پر پویلین لوٹ گئی۔
بنگلہ دیش کی دوسری اننگز میں شادمان اسلام نے 41 رنز، مشفق الرحیم نے 23 رنز، مصدق حسین نے 12 رنز اور لٹن داس نے نو رنز بنائے۔
افغانستان کے کپتان راشد خان نے پہلی اننگ میں پانچ اور دوسری اننگ میں تین بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی افغانستان کی جانب سے کپتان راشد خان نے تین بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ظاہر خان نے دو اور محمد نبی نے ایک وکٹ حاصل کیا۔
چوتھے روز کا کھیل خراب موسم کے باعث مقررہ وقت سے پہلے ہی ختم کر دیا گیا۔
افغانستان نے پہلی اننگز میں 342 رنز بنائے تھے جبکہ بنگلہ دیش کی پہلی اننگز 205 رن پر سمٹ گئی تھی جس سے مہمان ٹیم کو 137 رنز کی برتری حاصل ہو گئی تھی۔ افغانستان کی جانب سے پہلی اننگز میں رحمت شاہ نے 102 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی جبکہ اصغر افغان نے 92 رن بنائے تھے۔