کولکتہ: بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن (سی اے بی) نے بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) سے 12 نومبر کو ایڈن گارڈنز میں کھیلے جانے والے انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان ون ڈے ورلڈ کپ کے میچ کو کسی اور تاریخ میں منتقل کرنے کی درخواست کی ہے۔ ای ایس پی این کرک انفو کی ہفتہ کو شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق، سی اے بی نے سیکورٹی وجوہات کی بنا پر میچ 11 نومبر کو منعقد کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ کولکتہ سٹی پولیس نے سی اے بی کو مطلع کیا ہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے میچ کو اضافی سیکیورٹی کی ضرورت ہوگی، جب کہ کولکتہ پولیس 12 نومبر کو کالی پوجا کا دن ہونے کی وجہ سے فکر مند ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے ’’سی اے بی حکام نے جمعرات کو سٹی پولیس حکام کے ساتھ ایک میٹنگ کی اور انہیں تہوار کے دن امن و امان کے خدشات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اس کے بعد ایسوسی ایشن نے بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ کو تاریخ میں تبدیلی کی درخواست کی۔ واضح رہے کہ احمد آباد پولیس نے نوراتری کا پہلا دن ہونے کی وجہ سے 15 اکتوبر کو نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہونے والے ہند-پاکستان میچ کے لئے سیکورٹی فراہم کرنے میں معذوری ظاہر کی تھی۔ رپورٹس کے مطابق مقابلے کو 14 اکتوبر کو منتقل کر دیا گیا ہے تاہم آئی سی سی یا بی سی سی آئی کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔