شیوم دوبے (95) اور رابن اتھپا (88) کے طوفانی نصف سنچریوں کی بدولت چنئی سپر کنگز نے منگل کو آئی پی ایل 2022 کے 22ویں میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور کو 23 رنز سے شکست دے کر اپنی پہلی جیت درج کی۔ وہیں بنگلورو کو پانچ میچوں میں دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 217 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بنگلورو کی ٹیم 9 وکٹ پر 193 رنز ہی بناسکی۔ شیوم دوبے کو پلیئر آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ Chennai Super Kings beat Royal Challengers Bangalore by 23 runs
چنئی نے ٹورنامنٹ کے 22 ویں میچ میں 20 اوور میں چار وکٹ پر 216 کا بڑا اسکور بنایا اور بنگلور کو نو وکٹ پر 193 تک روک دیا۔ اتھپا اور دوبے نے آخری 13 اوورز میں تقریباً ساڑھے 13 کے رن ریٹ کے ساتھ 179 رنز جوڑے۔ دونوں نے 80 گیندوں میں 165 رنز کی شراکت داری کی۔ دوبے نے 46 گیندوں پر پانچ چوکوں اور آٹھ چھکوں کی مدد سے 95 رنز بنائے اور آخری گیند پر آؤٹ ہوئے اور اپنی سنچری سے محروم ہوگئے۔ دوسری جانب اتھپا نے 50 گیندوں میں چار چوکوں اور نو چھکوں کی مدد سے 88 رنز بنائے۔ Chennai Super Kings vs Royal Challengers Bangalore
ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرنے والی چنئی نے سست اور خراب شروعات کی۔ ٹیم نے سات اوورز کے اندر رتوراج گائیکواڈ اور معین علی کی شکل میں دو بڑی وکٹیں گنوا دیں لیکن رابن اتھپا نے ان دونوں وکٹوں کے ساتھ بنگلورو کو ان پر دباؤ نہیں بنانے دیا اور ایک سرے سے آتشی بلے بازی کرتے رہے۔ اس دوران کریز پر آئے شیوم دوبے نے بھی اتھپا کا خوب ساتھ دیا۔ انہوں نے رنز کی رفتار کو بھی رکنے نہیں دیا۔ دونوں طرف سے شاندار بلے بازی کی وجہ سے بنگلور کے گیند باز دباؤ میں آگئے اور کئی غلطیاں کیں۔ اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اتھپا اور دوبے نے کئی بہترین شاٹس لگائے۔