چنئی سُپر کنگز کے آل راونڈر رویندر جڈیجہ کی آٹھ گیندوں پر 22 رنز کی طوفانی اننگز کی بدولت چنئی سپر کنگز (سی ایس کے ) نے آج آئی پی ایل 14 کے 38 ویں میچ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرس (کے کے آر) کو دو وکٹوں سے شکست دے دی۔
کولکتہ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوورز میں چھ وکٹ کے نقصان پر 171 رنز کا چیلنجنگ اسکور بنایا۔ جواب میں چنئی نے شروعات میں ٹاپ آرڈر کے بلے بازوں رتوراج گائیکواڈ (40)، فاف ڈو پلیسی (43) اور معین علی (32) اور آخر میں رویندرا جڈیجہ کی جارحانہ اننگز کی بدولت 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں پر 172 رن بناکر دلچسپ مقابلے میں دو وکٹ سے جیت حاصل کرلی۔
گائیکواڈ نے دو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 28 گیندوں پر 40، ڈو پلیسیس نے 30 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے 43 اور جڈیجہ نے دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے آٹھ گیندوں پر زبردست 22 رنز بنائے۔ جڈیجہ کو پلیئر آف دی میچ کے اعزاز سے بھی نوازا گیا۔