ناگپور:انگلی کی چوٹ کا علاج کرانے والے آسٹریلیائی آل راؤنڈر کھلاڑی کیمرون گرین کی بھارت کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں شرکت تذبذب برقرار ہے۔ بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیمیں بارڈر-گواسکر ٹرافی کے پہلے ٹیسٹ میچ میں 9 فروری سے مہارشٹر کے ناگپور میں آمنے سامنے ہوں گی۔ اس سے قبل کیمرون گرین کی فٹنس پر شکوک کو آسٹریلیا کی ٹیم کے لیے ایک دھچکا قرار دیا جا سکتا ہے۔ کنگارو ٹیم کے کپتان پیٹ کمینس نے کہا کہ آل راؤنڈر کیمرون گرین ابھی پوری طرح فٹ نہیں ہیں۔ وہ نیٹ سیشن میں پریکٹس کے لیے آئے لیکن زیادہ کچھ نہ کر سکے۔ گرین کو پچھلے سال 23 دسمبر کو جنوبی افریقہ کے خلاف باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے دوران انگلی میں چوٹ لگی تھی، اس کے بعد پہلے ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔
کیمرون گرین انگلی کی چوٹ سے تیزی سے صحت یاب ہونے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم خدشہ ہے کہ وہ بھارت کے خلاف ناگپور میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ کے لیے مکمل طور پر فٹ نہ ہوں گے ۔ کیمرون گرین کو بھارت کے دورے پر روانہ ہونے سے پہلے تربیت دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دی گئی تھی اور اب انہوں نے نیٹ میں بیٹنگ اور باؤلنگ شروع کر دی ہے۔ وہیں آسٹریلیائی کپتان پیٹ کمنز نے ہفتے کے روز کہا کہ ان کی ٹیم اسپن کے بارے میں زیادہ نہیں سوچ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے پاس تجربہ کار آف اسپنر ناتھن لیون ہیں۔ بھارت کا دورہ کرنے والی آسٹریلیائی ٹیم نے ناتھن لیون کو سپورٹ کرنے کے لیے مچل سویپسن اور اسپنر ایشٹن ایگر کو شامل کیا ہے۔