آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2019 فاتح ٹیم انگلینڈ کے اہم رکن بین اسٹوکس نے ٹویٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ منگل کے روز ڈرہم میں ساؤتھ افریقہ کے خلاف سیریز کا پہلا میچ ان کے ون ڈے کریئر کا آخری میچ ہوگا۔ اسٹوکس کو رواں برس انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کی کمان سونپی گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ تینوں فارمیٹس میں کھیلنا ان کے لیے صحیح نہیں ہے اور انہیں لگتا ہے کہ وہ ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کی جگہ کو روک رہے ہیں۔
31 سالہ آل راؤنڈر بین اسٹوکس کو اس سال اپنے گھر پر انگلینڈ کے تمام چھ یک روزہ میچ کھیلنا تھے۔ تب یہ توقع کی جارہی تھی کہ وہ بھارت اور جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی 20 میچوں میں بھی قومی ٹیم کی نمائندگی کریں گے جس کے بعد انہیں دی ہنڈریڈ میں حصہ لینا تھا۔ تاہم انہوں نے اب یہ فیصلہ سب کچھ ٹیسٹ کرکٹ کے لیے وقف کرنے اور ٹی 20 فارمیٹ سے اپنی وابستگی کے پیش نظر کیا ہے۔
اسٹوکس نے ٹویٹ کیا کہ 'میں منگل کو ڈرہم میں انگلینڈ کے لیے ون ڈے کرکٹ میں اپنا آخری میچ کھیلوں گا۔ میں نے اس فارمیٹ سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ میرے لیے بہت مشکل فیصلہ ہے۔ میں نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ انگلینڈ کے لیے کھیلتے ہوئے ہر لمحے کا لطف اٹھایا ہے۔ ہمارا سفر شاندار رہا ہے۔
اسٹوکس نے مزید کہا 'یہ فیصلہ کرنا جتنا مشکل تھا، اس حقیقت سے نمٹنا اتنا مشکل نہیں ہے کہ میں اب اس فارمیٹ میں اپنے ساتھیوں کو 100 وقت فیصد نہیں دے سکتا۔ تینوں فارمیٹس میں کھیلنا اب میرے لیے صحیح نہیں ہے۔ نہ صرف مجھے لگتا ہے کہ مصروف شیڈول کی وجہ سے میرا جسم توقعات پر پورا نہیں اتر رہا ہے بلکہ مجھے لگتا ہے کہ میں ایک ایسے کھلاڑی کی جگہ روک رہا ہوں جو جوز بٹلر اور ان کی ٹیم کو اپنا 100 فیصددے سکتا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ کوئی اور کرکٹر کے طور پر قدم اٹھائے اور وہ یادیں بنائے جو میں نے گزشتہ 11 برسوں میں بنائی ہیں۔