نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر چیتن شرما نے استعفیٰ دے دیا ہے۔ زی ٹی وی کے اسٹنگ آپریشن کے بعد امید کی جا رہی تھی کہ چیتن شرما یا تو خود استعفیٰ دے دیں گے یا پھر بی سی سی آئی ان کے خلاف کوئی سخت کارروائی کرے گا۔ اسی کے پیش نظر چیتن شرما نے جمعہ کی صبح اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
بتادیں کہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے چیف سلیکٹر چیتن شرما نے ایک اسٹنگ آپریشن میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے کئی معاملات کو بے نقاب کیا تھا اور انہوں نے ویراٹ کوہلی، روہت شرما، سورو گنگولی کے ساتھ ساتھ کئی بھارتی کھلاڑیوں پر بھی سوالات اٹھائے تھے۔ اس کے ساتھ چیتن شرما نے اسٹنگ آپریشن میں دعویٰ کیا تھا کہ بھارتی کھلاڑی فٹنس کے لیے انجیکشن لگواتے ہیں۔ تاکہ وہ کرکٹ میچ کھیل سکیں۔