ممبئی:تجربہ کار رنجی کھلاڑی امول مجومدار کو ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ہندوستانی ڈومیسٹک کرکٹ کے کامیاب ترین کرکٹر رہ چکے امول مجمدار کے کندھوں پر خواتین کرکٹ ٹیم کو آگے لے جانے کی ذمہ داری ہو گی۔
ذرائع کے مطابق بی سی سی آئی میں سلکشا نائک، اشوک ملہوترا اور جتن پرانجپے کی کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی نے ٹیم انڈیا (سینئر ویمن) کے عہدے کے لیے شارٹ لسٹ کیے گئے درخواست دہندگان کا انٹرویو لیا اور غور و خوض کے بعد تین رکنی کمیٹی نے امول مجومدار کو یہ عہدہ سنبھالنے کی سفارش کی۔ ڈومیسٹک لیجنڈ مجومدار نے اپنے 21 سالہ شاندار کیریئر کے دوران 171 میچوں میں 30 سنچریوں سمیت 11,000 فرسٹ کلاس رنز بنائے ہیں۔ وہ 100 سے زیادہ لسٹ اے گیمز اور 14 ٹی 20 میچوں میں بھی نظر آئے۔ انہوں نے ممبئی کے ساتھ کئی رنجی ٹرافی ٹائٹل جیتے اور بعد میں آسام اور آندھرا پردیش کی نمائندگی کی۔