ممبئی: بھارتیہ کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے رجت پاٹیدار اور مکیش سنگھ کو جنوبی افریقہ کے خلاف 6 اکتوبر سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز کے لیے ٹیم میں شامل کیا ہے۔ اتوار کو 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ نے کہا کہ شیکھر دھون ون ڈے سیریز میں ہندوستانی ٹیم کی کپتانی سنبھالیں گے۔ شریاس ایر (نائب کپتان)، دیپک چاہر اور روی بشنوئی کو بھی ہندوستان کے ٹی۔ٹوئنٹی ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
انڈین پریمیئر لیگ میں سن رائزرس حیدرآباد کے لیے کھیلنے والے مڈل آرڈر بلے باز راہل ترپاٹھی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ اس سے قبل انہیں آئرلینڈ کی ٹی۔ٹوئنٹی سیریز اور زمبابوے کی ون ڈے سیریز کے لیے اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا، حالانکہ اس نے ان دوروں پر ایک بھی میچ نہیں کھیلا۔ زمبابوے کے دورے پر زخمی واشنگٹن سندر کی جگہ لینے والے شہباز احمد نے بھی یہاں جگہ بنائی ہے۔ شہباز کو جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے لیکن پہلے دو میچوں میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔
رانجی ٹرافی 2022 کے فائنل میں مدھیہ پردیش کے لیے سنچری بنانے والے رجت پاٹیدار اور بنگال کے تیز گیند باز مکیش سنگھ کو پہلی بار ہندوستانی ٹیم کے لیے طلب کیا گیا ہے۔ اچھی فارم سے گزرنے والے دونوں کھلاڑی اس سیریز میں ہندوستان کے لیے ڈیبیو کر سکتے ہیں۔