نئی دہلی:سلیکٹرز نے سائکا اسحاق، شرینکا پاٹل، منت کشیپ اور تیتاس سدھو کو آسٹریلیا کے خلاف 28 دسمبر سے ممبئی میں شروع ہونے والی ون ڈے سیریز کے لیے ہندوستانی خواتین کے اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔ رینوکا سنگھ اور ریچا گھوش بھی جولائی میں بنگلہ دیش کے دورے سے محروم ہونے کے بعد ون ڈے ٹیم میں واپس آگئی ہیں۔
ہندوستانی خواتین ٹیم آسٹریلیا کے خلاف تین ون ڈے اور تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیلے گی۔ پہلا ون ڈے میچ 28 دسمبر کو ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ہرمن پریت کور کو دونوں ٹیموں کی کپتان بنایا گیا ہے جبکہ اسمرتی مندھانا نائب کپتان ہوں گی۔
ہندوستان نے حال ہی میں اپنے گھر پر انگلینڈ کے خلاف سیریز ہارنے کے باوجود آسٹریلیا میں ہونے والے تین ٹی 20 بین الاقوامی میچوں کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔
ون ڈے ٹیم میں تبدیلیاں بنیادی طور پر بولنگ اٹیک اور آل راؤنڈر کی سطح پر کی گئی ہیں۔ پریا پونیا، دیویکا ویدیا، انجلی سروانی، بی انوشا، میگھنا سنگھ، راشی کنوجیا اور مونیکا پٹیل کو ٹیم سے باہر کردیا گیا ہے۔تمام ون ڈے میچ وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے اور ٹی ٹوئنٹی میچ نوی ممبئی کے ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔