ممبئی:بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے فنٹاسی اسپورٹس گیمنگ پلیٹ فارم ڈریم 11 کو تین سال کے لیے اپنا اہم اسپانسر بنایا ہے۔ بورڈ نے ہفتہ کو اس کا اعلان کیا ہے۔ بی سی سی آئی نے ایک ریلیز میں کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز سے ڈریم 11 بھارتی ٹیم کی جرسی پر نظر آئے گا۔ بی سی سی آئی کے صدر راجر بنی نے کہا کہ بی سی سی آئی کے باضابطہ اسپانسر ہونے سے لے کر اہم اسپانسر ہونے تک، بی سی سی آئی-ڈریم 11 کی شراکت مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھی ہے۔ یہ بھارتی کرکٹ کے اعتماد، قدر، صلاحیت اور ترقی کا زندہ ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس سال کے آخر میں آئی سی سی ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے تیاری کر رہے ہیں، اس لئے شائقین کے تجربے کو بڑھانا ہماری اولین ترجیحات میں سے ایک ہے۔ مجھے یقین ہے کہ اس شراکت داری سے ہمیں مداحوں کے تجربے کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ ڈریم اسپورٹس کے شریک بانی اور سی ای او ہرش جین نے کہا کہ بی سی سی آئی اور بھارتی ٹیم کے دیرینہ پارٹنر کے طور پر ڈریم 11 ہماری شراکت کو اگلی سطح پر لے جانے کے لیے پرجوش ہے۔