نیلسن: نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے یک روزہ بین الاقوامی میچ میں بنگلہ دیش کے سلامی بلے باز سومیا سرکار نے 151 گیندوں پر 169 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ جو ان کے کیریئر کی بہترین اننگز بھی ہے۔ اس اہم اننگز کی وجہ سے بنگلہ دیش 49.5 اوورز میں 291 رنز بنانے میں کامیاب رہا، جو کہ بنگلہ دیش کا نیوزی لینڈ میں سب سے زیادہ ون ڈے اسکور بھی ہے۔
تیس سالہ کھلاڑی کی یہ سنچری اننگز گھر سے دور ون ڈے میچ میں بنگلہ دیشی مرد کھلاڑی کا سب سے بڑا اسکور بھی ہے۔ نیوزی لینڈ میں برصغیر کے کسی کھلاڑی کا ون ڈے میں یہ سب سے زیادہ اسکور ہے۔ ایسا کارنامہ کرکے سومیا نے عظیم کرکٹر سچن تنڈولکر کا 14 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔ سچن تنڈولکر نے 2009 میں کرائسٹ چرچ میں کیویز کے خلاف ناٹ آوٹ 163 رنز بنائے تھے۔ سومیا کی سنسنی خیز اننگز میں 22 چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔