نیپئر:جمی نیشم کی طوفانی 48 رن کی اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ نے بدھ کے روز پہلے ٹی- 20 میچ میں بنگلہ دیش کو 135 رنز کا ہدف دیا۔ ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی شروعات مایوس کن رہی۔13 رنوں کے مجموعی اسکور پر رونی تلقدار10 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان نجمل الحسن سنتو 19 رنوں کی اننگ کھیل کر نیشم کے شکار بن گئے۔
اس کے علاوہ سومیہ سرکار 22 رن، توحید ہردے19 رن اور عافیف حسین ایک رن بنا کر آوٹ ہوئے۔ سلامی بلے باز لیٹن داس محتاط انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے 36 گیندوں پر دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 42 رن ناٹ آوٹ اور مہدی حسن 19 رن ناٹ آوٹ رہے۔ بنگلہ دیش نے 18.4 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 137 رن بنا کر میچ جیت لیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساوتھی،ایڈم ملنے،جیمی نیشم،بین سیئیرس اور میشل سینٹر کو ایک ایک وکٹ ملا۔ اس سے قبل آج یہاں میک لین پارک اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی- ٹوئنٹی میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بنگلہ دیش کے گیند بازوں نے ٹاس کے فیصلے کو درست ثابت کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے پہلے چار بلے بازوں کو 20 رنز کے اسکور پر پویلین بھیج دیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے جمی نیشم نے 29 گیندوں پر سب سے زیادہ 48 رنز بنائے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں چار چوکے اور تین چھکے بھی لگائے۔ اس کے علاوہ کپتان مچل سینٹنر نے 23 رنز کی اننگز کھیلی۔