ڈھاکہ:شمیم جہاں بنگلہ دیش کے لیے 17 ٹی ٹوئنٹی کھیل چکے ہیں، وہیں تنزید کو پہلی بار اسکواڈ میں بلایا گیا ہے۔ کمر کی انجری کے باعث ایشیا کپ سے باہر ہوئے تمیم اقبال کی جگہ تنزید سلامی بلے باز کا کردار ادا کرسکتے ہیں۔
دریں اثنا، مارچ 2021 سے ون ڈے ٹیم سے باہررہے آل راؤنڈر مہدی حسن کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ تجربہ کار بلے باز محمود اللہ فٹنس کیمپ میں بلائے جانے کے باوجود ٹیم سے باہر ہیں۔ افغانستان ون ڈے سیریز میں ٹیم کا حصہ رہنے والے تیج الاسلام اور رونی تالقدار ایشیا کپ کے اسکواڈ میں جگہ نہیں بنا سکے، حالانکہ تیج الاسلام کو سیف حسن اور تنظیم حسن ثاقب کے ساتھ اضافی کھلاڑیوں کی فہرست میں نامزد کیا گیا ہے۔
ایشیا کپ کا آغاز 30 اگست کو پاکستان اور نیپال کے درمیان گروپ اے کے میچ سے ہوگا۔ گروپ بی میں شامل بنگلہ دیش اپنا پہلا میچ 31 اگست کو کینڈی میں شریک میزبان سری لنکا کے خلاف کھیلے گا، جب کہ اس کا مقابلہ 3 ستمبر کو پاکستان کے شہر لاہور میں افغانستان سے ہوگا۔