ممبئی: آسٹریلیا خواتین ٹیم نے کپتان ہرمن پریت کور (46) اور ریچا گھوش (39) کی دھماکہ خیز اننگز کے باوجود ہفتہ کو چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں بھارت کو آٹھ رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 3-1 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی۔ آسٹریلیا نے ایلیس پیری (72 ناٹ آؤٹ) کی دھماکہ خیز نصف سنچری کی بدولت بھارت کے سامنے 189 رن کا ہدف دیا جس کے جواب میں بھارت محض 181 رن بنا سکا۔ پیری نے 42 گیندوں پر سات چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 72 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ ایشلے گارڈنر نے 42 اور گریس ہیرس نے 27 رنز کا کردار ادا کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 188 رنز کے بڑے اسکور تک پہنچا دیا۔ Australia Women Beat India
بھارت کے تین وکٹ پر 49 پر گرنے کے بعد ہرمن پریت نے اننگز کو سنبھالا اور دیویکا ویدیا کے ساتھ 72 رنز کی شراکت کی۔ ہرمن پریت بھارت کو فتح کی طرف لے جارہی تھی لیکن الانا کنگ نے بھارت کو مشکل میں ڈال دیا جب وہ 15ویں اوور میں آؤٹ ہوگئیں۔ چھٹے نمبر پر بلے بازی کے لیے آتے ہوئے، رچا نے 19 گیندوں پر چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے لیکن وہ بھارت کو ہدف تک نہیں لے جاسکیں۔ بھارت نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے تیز شروعات کی لیکن پاور پلے میں اپنے دونوں اوپنرز کی وکٹ گنوا دیئے۔ اسمرتی مندھانا نے 10 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 16 رنز بنائے جبکہ شفالی ورما نے 16 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 20 رنز بنائے۔ جمائمہ روڈریگس (آٹھ) کی شکل میں بھارت کا تیسرا وکٹ گرنے کے بعد ہرمن پریت اور دیویکا نے ذمہ داری سنبھالی۔
بھارت کو آٹھ اوور میں 92 رنز درکار تھے۔ ہرمن پریت نے 13ویں اوور میں چار چوکے لگا کر رفتار بڑھا دی لیکن ڈارسی براؤن نے اگلے اوور میں صرف چھ رنز دے کر ہندوستان پر پھر دباؤ بڑھا دیا۔ جس کے نتیجے میں ہرمن پریت اگلے ہی اوور میں بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں آؤٹ ہو گئیں۔ ہرمن پریت نے 30 گیندوں پر چھ چوکے اور ایک چھکا لگا کر 46 رنز بنائے، جب کہ دیویکا نے ایشلے گارڈنر کے ہاتھوں آؤٹ ہونے سے قبل 32 رنز بنائے۔ ہندوستان کو آخری دو اووروں میں 38 رنز درکار تھے۔ رچا نے پہلی تین گیندوں پر دو چھکے اور ایک چوکا لگایا، لیکن آسٹریلیا نے اگلی نو گیندوں میں صرف 14 رن دے کر اپنی فتح پر مہر ثبت کر دی۔