برسبین: جنوبی افریقہ کے کپتان ڈین ایلگر نے اتوار کو گابا ٹیسٹ صرف دو دن میں ختم ہونے کے بعد پچ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب انہوں نے یہاں بیٹنگ کے خطرے کے بارے میں امپائروں سے سوال کیا تو انہیں نظر انداز کیا گیا۔ ہفتے کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے چھ وکٹوں سے فتح حاصل کی۔ ساڑھے پانچ سیشنز کے اس میچ میں صرف 144.2 اوورز کرائے گئے جبکہ آؤٹ ہونے والے 34 بلے بازوں میں سے 26 ڈبل فیگرز تک پہچنے میں ناکام رہے۔Dean Elgar on Gabba pitch
ایلگر نے میچ کے بعد کی پریس کانفرنس میں کہا کہ "آپ کو اپنے آپ سے پوچھنا ہوگا، کیا یہ ہمارے فارمیٹ کے لیے اچھی پروموشن ہے؟ دو دن میں 34 وکٹوں کا گرنا میرے مطابق یک طرفہ معاملہ ہے۔ ہم چار یا پانچ دن میچ ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “پچ پر پرانی گیند کے ساتھ جس طرح کا اچھال مل رہا تھا، اس نے بلے بازوں کو بے بس کر دیا۔ صرف تین بلے باز رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ مجھے نہیں لگتا کہ یہ بہت اچھی ٹیسٹ وکٹ تھی۔"
ایلگر نے امپائروں کے ساتھ بات چیت کے بارے میں کہا کہ ’’میں نے (دوسری اننگز میں) امپائروں سے بھی بات کی۔ جب ربادا نے ٹریوس ہیڈ کو باؤنسر پر آؤٹ کیا تب میں نے امپائر سے پوچھا کہ اس پوزیشن کو کب غیر محفوظ تصور کیا جائے گا؟ اس کے بعد انریچ نورکیا بھی جو باؤنسر ڈال رہے تھے وہ ہمارے سروں کے اوپر سے گزر رہے تھے۔ میں جانتا تھا کہ میچ ختم ہو گیا ہے لیکن اس وقت امپائرز کو سمجھداری سے کام لینا چاہیے تھا۔