میلبورن: آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کے اختتام پر تین وکٹ گنوا کر 187 رنز بنا لیے ہیں۔ بارش کی وجہ سے پہلے دن صرف 66 اوورز کا ہی کھیل ہوسکا۔ اس سے پہلے پاکستان نے میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا اور ان کا یہ فیصلہ صحیح ثابت نہیں ہوا کیونکہ ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ کی آسٹریلوی جوڑی نے پہلی وکٹ کے لیے 90 رنز کی شراکت داری قائم کی۔
پاکستان کو پہلا وکٹ آف اسپنر آغا سلمان نے وارنر (38)کی شکل میں آؤٹ کیا، اس کے بعد عثمان خواجہ نے مارنس لیبوشین کے ساتھ مل کر مزید 18 رنز جوڑے لیکن حسن علی نے 34 ویں اوورز میں عثمان (42) کو ٹیم کے مجموعی اسکور 108 رنز پر آوٹ کرکے آسٹریلیا کو دوسرا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد اسٹیون اسمتھ نے 26 رنز بنائے لیکن وہ دائیں ہاتھ کے میڈیم پیسر عامر جمال کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ اس وقت لیبوشین 44 رنز اور ٹریوس ہیڈ 9 رنز بنا کر کریز پر ہیں۔