ممبئی: افغانستان کے خلاف 292 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آسٹریلیا کی شروعات انتہائی خراب رہی اور اس کے 95 رنز پر ہی سات کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے۔ لیکن اس کے بعد میکسویل کا طوفان ڈبل سنچری کی شکل میں آیا جس نے ہارا ہوا میچ جیت میں بدل دیا اور افغانستان کو تین وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی میکسویل نے ورلڈ کپ کی تاریخ میں میں پہلی ڈبل سنچری (201 رنز) بنائی، جس میں 21 چوکے اور 10 چھکے شامل تھے۔
اس جیت کے ساتھ آسٹریلیا ورلڈ کپ 2023 کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی تیسری ٹیم بن گئی ہے۔ اس سے پہلے انڈیا اور جنوبی افریقہ پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکے ہیں۔ لیکن سیمی فائنل کی چوتھی ٹیم کون ہوگی اس کے لیے ابھی انتظار کرنا ہوگا کیونکہ اس پوزیشن کے لیے ابھی بھی تین ٹیمیں پاکستان، نیوزی لینڈ اور افغانستان پوائنٹس ٹیبل پر جد وجہد کر رہی ہیں۔ افغانستان کے ہارنے سے پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں بڑھ گئی ہیں۔
اس سے قبل افغانستان نے ابراہیم زدران کی 129 رن کی ناٹ آوٹ سنچری اور آخری اووروں میں راشد خان کے ناٹ آوٹ 35 رن کی بدولت آئی سی سی ورلڈ کپ کے 39ویں میچ میں منگل کو آسٹریلیا کو 292 رن کا ہدف دیا ہے۔ وانکھیڑے اسٹیڈیم میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کے اپنے فیصلے کو درست ثابت کرتے ہوئے مقررہ 50 اوور میں 5 وکٹوں پر 291 رن بنائے۔ رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زدران کی اوپننگ جوڑی نے افغانستان کی اننگز کا آغاز کیا اور دونوں نے پہلی وکٹ کے لیے 38 رن جوڑے۔
آٹھویں اوورز کی چھٹی گیند پر ہیزلووڈ نے رحمان اللہ گرباز کو 21 رن پر اسٹارک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کراکر پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد زدران اور رحمت شاہ کی جوڑی نے دوسری وکٹ کے لیے 83 رن کی شراکت قائم کی۔ رحمت شاہ 25ویں اوور کی چوتھی گیند پر 30 رن پر ہیزلووڈ نے میکسویل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ افغانستان کی تیسری وکٹ 38 اوورز میں 26 رن پر کپتان حشمت اللہ شاہدی کی صورت میں گری۔ وہ اسٹارک کی گیند پر بولڈ آؤٹ ہوئے۔ عظمت اللہ عمرزئی 43ویں اوور کی تیسری گیند پر 22 رن بناکر زیمپا کی گیند پر میکسویل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
پانچویں وکٹ محمد نبی کی گری وہ 12 رن پر ہیزل ووڈ کے ہاتھوں بولڈ آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے راشد خان نے آخری ساڑھے چار اوورز میں زدران کے ساتھ مل کر 58 رن بنائے۔ خان نے 18 گیندوں پر 35 رن کی ناٹ آوٹ اننگز کھیلی۔ آسٹریلیائی ٹیم کو افغان بلے بازوں کو آؤٹ کرنے اور رن روکنے کے لیے سات گیندبازوں کو میدان میں اتارنا پڑا۔ آسٹریلیا کی جانب سے ہیزل ووڈ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ ایڈم زمپا، گلین میکسویل اور مشل اسٹارک نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔