جنوبی افریقہ کے کیپٹ ٹاون میں کھیلے جانے والا 2023 کا ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنل آسٹریلیا نے اپنے نام کرلیا ہے۔ اس جیت کے ساتھ آسٹریلیا وہ پہلی ٹیم بن گئی ہے جس نے چھٹی دفعہ اس خطاب کو اپنے نام کیا ہے۔ اس کے علاوہ آسٹریلیا کی خواتین نے یہ بھی کارنامہ انجام دیا کہ انھوں نے دوسری مرتبہ خطاب اپنے نام کرنے کی ہیٹ ٹرک بنائی ہے۔ آسٹریلیائی خواتین ٹیم سال 2010، 2012، 2014 اور پھر 2018، 2020، 2023 کی چیمپئن بنی ہیں۔
وہیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کا جنوبی افریقہ کے خلاف 6-0 کا ریکارڈ برقرار رہا یعنی ابھی تک ان دونوں ٹیموں کے درمیان چھ مرتبہ مقابلہ ہوا اور اس میں آسٹریلیا کو ہی کامیابی ملی۔ 2009 میں خواتین کا ٹورنامنٹ شروع ہونے کے بعد سے جنوبی افریقہ اپنا پہلا فائنل کھیل رہا تھا لیکن اس کی قسمت میں خطاب نہیں تھا۔ اور میچ میں جنوبی افریقہ کو پانچ مرتبہ کی چیمپئن آسٹریلیا نے 19 رنز سے شکست دے دی۔۔ جنوبی افریقہ نے 157 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 6 وکٹ کھو کر صرف 137 رنز ہی بنا سکی۔ جنوبی افریہقہ کی جانب سے لورا ولوارڈٹ نے سب سے زیادہ 61 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے چار بولرز نے ایک ایک وکٹ حاصل کیے۔
اس سے پہلے اوپنر بیتھ مونی (ناٹ آؤٹ 74) کی شاندار نصف سنچری کی بدولت آسٹریلیا نے فائنل میں جنوبی افریقہ کے سامنے 157 رنز کا ہدف دیا تھا۔ مونی نے 53 گیندوں پر نو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ 74 رنز بنائے۔ اس کے ساتھ وہ ٹی۔ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں دو نصف سنچریاں بنانے والی پہلی کھلاڑی بن گئیں۔ اس کے علاوہ ایشلے گارڈنر نے 21 گیندوں پر دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 29 رنز بنائے۔