ٹاؤنسویل: آسٹریلیا نے کیمرون گرین کی پانچ وکٹیں لینے کے بعد ڈیوڈ وارنر (57) کی نصف سنچری کی بدولت اتوار کو پہلے ون ڈے میں زمبابوے کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔زمبابوے نے آسٹریلیا کو 201 رن کا ہدف دیا تھا جو اس نے 33.3 اوور میں ہی حاصل کر لیا۔Australia vs Zimbabwe 1st ODI
آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر زمبابوے کو پہلے بیٹنگ کے لیے بلایا اور 47.3 اوور میں 200 رن پر آل آؤٹ کردیا۔ زمبابوے کے اپر آرڈر نے ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا لیکن مڈل آرڈر کی ناکامی کے باعث وہ بڑا اسکور نہ کرسکی۔ زمبابوے کی جانب سے ویسلے مادھویرے نے سب سے زیادہ 72 (91) رن بنائے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں چار چوکے لگائے۔ اس کے علاوہ تادیوناشے مارومانی نے 45 (61) اور کپتان ریگیس چکابوا نے 31 (33) رن بنائے۔
آسٹریلیا کی جانب سے کیمرون گرین نے شاندار گیند بازی کرتے ہوئے نو اوور میں 33 رن کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں جس میں سکندر رضا (05) اور چکبوا کی وکٹیں شامل تھیں۔ اس کے علاوہ ایڈم زمپا نے تین جبکہ مچل اسٹارک اور مچل مارش نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔ آسٹریلیا نے 201 رن کے ہدف کے تعاقب میں پانچ وکٹیں گنوائیں۔ کپتان ایرون فنچ (15) نے آؤٹ ہونے سے قبل وارنر کے ساتھ پہلی وکٹ کے لیے 43 رن کی شراکت داری کی۔