پرتھ: آسٹریلیا کے لیجنڈری اسپنر ناتھن لیون 500 ٹیسٹ وکٹیں لینے والے دنیا کے آٹھویں اور آسٹریلیا کے تیسرے گیند باز بن گئے ہیں۔ لیون نے یہ کارنامہ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ کے چوتھے روز فہیم اشرف کو ایل بی آؤٹ کرکے انجام دیا۔
اس سال کے شروع میں ایشز کے دوران پنڈلی کی انجری کی وجہ سے وہ 496 وکٹوں پر رک گئے تھے، لیکن انہوں نے آپٹس اسٹیڈیم میں اپنا اچھا ریکارڈ جاری رکھا۔ انہوں نے پاکستان کی پہلی اننگ میں عبداللہ شفیق، امام الحق اور عامر جمال کو آؤٹ کر کے 499 وکٹیں حاصل کیں۔
اس کے بعد انہوں نے فہیم اشرف کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے اپنا 500واں وکٹ مکمل کیا اور دوسری اننگ میں عامر جمال کو آؤٹ کر کے اپنا 501واں وکٹ بھی حاصل کرلیا۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے تیسرے آسٹریلوی بولر ہیں۔
سابق لیجنڈری اسپنر شین وارن کا نام پہلے نمبر پر آتا ہے۔ وارن کے نام 145 ٹیسٹ کی 273 اننگز میں 708 وکٹیں ہیں۔ دوسرے نمبر پر سابق فاسٹ بولر گلین میک گرا نے 124 میچوں کی 243 اننگز میں 563 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ لیون 501 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ سری لنکا کے متھیا مرلی دھرن 800 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ اس کے بعد آسٹریلیا کے شین وارن نے 708 وکٹیں حاصل کیں۔
انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن 690 وکٹ، بھارت کے انل کمبلے کے 619 وکٹیں، انگلینڈ کے اسٹورٹ براڈ 604 وکٹ، آسٹریلیا کے گلین میک گرا 563 وکٹ، ویسٹ انڈیز کے کرٹنی والش نے 519 وکٹ، آسٹریلیا کے نیتھن لیون 501 وکٹ، ہندوستان کے روی چندرن اشون 489، جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹین 439 وکٹ دسویں نمبر پر ہیں۔ (یو این آئی)