حیدرآباد: (محمد شاداب عالم) سال 2022 کھیلوں کے لیے بہت خاص رہا۔ فٹ بال کی دنیا میں سب سے بڑا مقابلہ سمجھا جانے والا فیفا ورلڈ کپ خلیجی ملک قطر میں کھیلا گیا، یہ پہلا موقع ہے کہ فٹ بال کے عالمی مقابلوں کی میزبانی کسی مسلم اکثریتی ملک نے کی ہے۔ فیفا کے علاوہ اس سال کامن ویلتھ گیمز اور آئی سی سی سمیت دیگر کئی بڑے ٹورنامنٹ کا اہتمام کیا گیا۔ آئیے ایک نظر میں ان بڑے ٹورنامنٹ کے بارے میں جانتے ہیں۔ Sports Year Ender 2022
میسی کی قیادت میں ارجنٹائن بنا فیفا کا فاتح
قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2022 کے فائنل میچ میں ارجنٹائن نے فرانس کو شکست دے کر تیسری بار فیفا کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ ارجنٹائن نے 35 برس بعد میسی کی قیادت میں فیفا کا ٹائٹل اپنے نام کیا، میسی نے یہ ثابت کردیا کہ وہ اب کھیل کے عظیم کھلاڑیوں میں سے ہیں۔ میسی نے اس ٹورنا منٹ میں مجموعی طور پر کل سات گولیے اور بہترین کھلاڑی کے طور پر گولڈن بال کا ایوارڈ بھی جیت لیا۔
بین اسٹوکس نے انگلینڈ کو آئی سی ٹی 20 کا فاتح بنایا
انگلینڈ نے آسٹریلیا میں ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کو شکست دے کر دوسرا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ بین اسٹوکس نے بڑے میچ کے بڑے کھلاڑی ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے ناقابل شکست 52 رنز کی اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ انگلینڈ نے سیمی فائنل میں روہت شرما کی قیادت میں بھارت کو 10 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ پکی کی تھی۔
پاکستان کو سری لنکا کے ہاتھوں ایشیا کپ ٹی 20 میں شکست
دبئی میں کھیلے گئے ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل مقابلے میں سری لنکا نے پاکستان کو 23 رنز سے شکست دے دی۔ سری لنکا کے 171 رنز کے تعاقب میں پاکستانی کی پوری ٹیم 147 رنز پر آوٹ ہوگئی، پاکستانی بیٹنگ لائن سری لنکن بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔
بھارتی خواتین ٹیم نے ایشیا کپ میں خطاب اپنے نام کیا
بھارتی خواتین ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ 2022 فائنل میں سری لنکا کو 8 وکٹ سے ہرا کر ساتویں مرتبہ ایشیا کپ کا خطاب اپنے نام کیا۔ بھارتی ٹیم نے ایشیا کپ فائنل میں پانچویں مرتبہ سری لنکا کو ہرایا ہے۔
نیرج چوپڑا کے نام کئی ریکارڈ
ٹوکیو اولمپکس 2020 جیولین تھرو میں طلائی تمغہ جیتنے والے نیرج چوپڑا کے لیے 2022 کا سال بہت شاندار گزارا۔ سنہ 2022 میں کئی ریکارڈ اپنے نام کرنے والے نیرج چوپڑا نے تاریخی ڈائمنڈ لیگ ٹرافی خطاب بھی جیتا، اس جیت کے ساتھ نیرج چوپڑا ڈائمنڈ لیگ ٹرافی کا خطاب جیتنے والے پہلے بھارتی کھلاڑی بنے۔
مردوں کی ہاٹی ٹیم کو کامن ویلتھ گیمز میں چاندی کا تمغہ
بھارت کی مردوں کی ہاکی ٹیم فائنل میں آسٹریلیا سے ہارنے کے بعد برمنگھم میں کامن ویلتھ گیمز 2022 سے چاندی کا تمغہ لے کر واپس لوٹی۔ ٹوکیو اولمپکس 2020 میں کانسی کا تمغہ جیتنے کے بعد بھارتی مردوں کی ٹیم کے لیے ایک برس میں یہ دوسرا سنگ میل کا مظاہرہ تھا۔
نکہت زرین کے نام کئی ریکارڈ
خواتین کی ورلڈ باکسنگ چیمپیئن شب کا خطاب جیتنے والی نکہت زرین کے لیے 2022 کا سال بہت شاندار گزرار۔ باکسر نکہت زرین پہلے ترکیہ میں خواتین کی ورلڈ باکسنگ چیمپیئن شپ کا خطاب جیتنے میں کامیاب رہیں پھر کامن ویلتھ گیمز میں نکہت زرین نے خواتین کے باکسنگ فائنل مقابلے میں جیت حاصل کرکے گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔ وہیں نکہت زرین نے بھوپال میں منعقدہ 6 ویں ایلیٹ ویمنس نیشنل باکسنگ چمپئن شپ میں گولڈ میڈل بھی اپنے نام کیا۔