ہانگژو:چین میں کھیلے جارہے ایشیائی کھیلوں کے کرکٹ مقابلے کے فائنل میچ میں ٹاس جیتنے کے بعدہندوستان کی کرکٹ ٹیم نے افغانستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ افغانستان نے 18.2 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز بنائے تھے کہ تیزبارش کی وجہ سے میچ روکنا پڑا۔ دریں اثنا، میدان پر بارش کی رفتار کم نہیں ہوئی اور آن فیلڈ امپائرز نے میچ منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔
ہندوستان کومنسوخ ہونے والے میچ میں آئی سی سی رینکنگ کا فائدہ ہوا اور اسے گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ اس سے قبل ہندوستان نے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کو نو وکٹوں سے اور کوارٹر فائنل میں نیپال کو 23 رنز سے شکست دی تھی۔ ادھر کانسہ کے تمغے کے میچ میں بنگلہ دیش نے ڈی ایل ایس میتھڈ کی بنیاد پر پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دی۔ بارش کی وجہ اوورز کی تعداد گھٹ کر پانچ- پانچ کر دی گئی تھی۔ بنگلہ دیش نے مقررہ پانچ اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 65 رنز بنائے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم پانچ اوورز میں ایک وکٹ پر صرف 48 رنز بناسکی۔