لاہور: پاکستان کے نوجوان تیز گیند باز محمد حسنین 27 اگست سے شروع ہونے والے ٹی20 ایشیا کپ میں شاہین شاہ آفریدی کی جگہ لیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پیر کے روز یہ اطلاع دی۔ شاہین جولائی میں سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کے دوران زخمی ہوگئے تھے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی میڈیکل ایڈوائزری کمیٹی نے ہفتے کے روز کہاکہ انہیں چار سے چھ ہفتے آرام کرنے کی ضرورت ہے۔
حسنین نے پاکستان کی جانب سے 18 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلتے ہوئے 17 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ حسنین اس وقت انگلینڈ میں ہونے والے 'دی ہنڈریڈ' ٹورنامنٹ میں اوول انویسبلز کے لیے کھیل رہے ہیں۔ پی سی بی نے کہاکہ آصف علی، حیدر علی، افتخار احمد اور عثمان قادر منگل کی صبح دبئی روانہ ہوں گے۔ وہ ٹیم میں عبداللہ شفیق، امام الحق، محمد حارث، سلمان علی آغا اور زاہد محمود کی جگہ لیں گے، جو نیدرلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں پاکستان کے لیے کھیل رہے تھے۔