پالے کیلے: بھارت کے سرکردہ تیز گیند باز جسپریت بمراہ ذاتی وجوہات کی وجہ سے وطن واپس لوٹ گئے ہیں اور وہ پیر کو نیپال کے خلاف ایشیا کپ کے میچ میں حصہ نہیں لیں گے۔ اتوار کو شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت نیپال میچ میں جسپریت بمراہ دستیاب نہیں ہوگے، جو صرف ایک میچ کے لیے ذاتی وجوہات کی بنا پر وطن واپس آئے ہیں۔ بمراہ، اگرچہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور اگر بھارت سپر فور مرحلے میں جگہ بناتا ہے تو وہ میدان میں دوبارہ اتریں گے۔
ذرائع کے مطابق وہ 6 ستمبر سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کے سپر مرحلے دستیاب ہوں گے۔ تیز گیندباز محمد شامی، جو کینڈی میں پاکستان کے خلاف پہلے مقابلے میں نہیں کھیلے تھے وہ نیپال کے خلاف میچ کے دوران ان کی جگہ لے سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ بارش کی وجہ سے پاکستان کے خلاف ہندوستان کے ایشیا کپ کے پہلے میچ میں صرف ایک اننگز کھیلی جا سکی اور بمراہ کو گیند بازی کا موقع نہیں ملا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ بمراہ نے بطور کپتان آئرلینڈ کے خلاف بھارت کی T20I سیریز کے دوران چوٹ سے 10 ماہ سے زیادہ وقفے کے بعد اپنی بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کی تھی۔