دبئی: ہندوستان کے تجربہ کار آف اسپنر روی چندرن اشون ناگپور ٹسٹ میں آسٹریلیا کے خلاف اپنی زبردست کارکردگی کے بعد نمبر ایک ٹیسٹ گیند باز بننے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ بدھ کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین درجہ بندی کے مطابق اشون 846 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ٹیسٹ گیند بازوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ اشون ٹاپ گیند باز پیٹ کمنز (867) سے صرف 21 پوائنٹس پیچھے ہیں اور 2017 کے بعد پہلی بار نمبر ایک تک پہنچنے کا ان کے پاس موقع ہے۔
واضح رہے کہ اشون نے ناگپور ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پانچ وکٹ لے کر آسٹریلوی بلے بازی کی کمر توڑ دی، جس کی وجہ سے ہندوستان ایک اننگز اور 132 رنز سے بڑی فتح درج کر سکا۔ اشون کے جادو سے پہلے رویندر جڈیجہ نے پہلی اننگز میں اپنا ہاتھ کھولا۔ اس کے علاوہ انہوں نے بلے سے 70 رنز کی اہم شراکت بھی کی۔ تقریباً چھ ماہ بعد کرکٹ پچ پر واپسی کرنے والے جڈیجہ نے اپنی مضبوط کارکردگی کی مدد سے گیند بازوں کی درجہ بندی میں 16ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ اس کے علاوہ وہ آل راؤنڈر رینکنگ میں بھی سرفہرست ہیں۔