نئی دہلی: آئی پی ایل 2023 کے لیے کھلاڑیوں کی منی نیلامی 23 دسمبر جمعہ کے روز کوچی میں ہونے والی ہے۔ تمام 10 فرنچائز ٹیموں کے ساتھ ساتھ شائقین اور کرکٹرز بھی آئی پی ایل کی اس منی نیلامی کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ IPL 2023 Mini Auctions
اس بار میگا نیلامی میں 405 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ بولی لگانے والے 405 کرکٹرز میں سے 273 بھارتی کھلاڑی ہیں جب کہ 132 غیر ملکی کھلاڑی ہیں۔132 غیر ملکی کھلاڑیوں میں سے 4 کھلاڑی ایسوسی ایٹ ممالک سے ہیں۔ نیلامی میں کل 119 کیپڈ اور 282 ان کیپڈ کھلاڑی حصہ لیں گے۔ تاہم تمام ٹیمیں مجموعی طور پر 87 کھلاڑی خرید سکتی ہیں جن میں زیادہ سے زیادہ 30 غیر ملکی کھلاڑی ہوں گے۔
آئی پی ایل کی نیلامی دوپہر 2.30 بجے کوچی میں شروع ہوگی۔ یہ آئی پی ایل کی 16ویں اور مجموعی طور پر 11ویں منی نیلامی ہے۔ نیلامی بھارت میں اسٹار اسپورٹس نیٹ ورک پر براہ راست نشر کی جائے گی۔ جیو سنیما ایپ اور اس کی ویب سائٹ پر لائیو سٹریمنگ ہوگی۔
اللہ محمد غضنفر آئی پی ایل 2023 کی نیلامی کے لیے منتخب ہونے والے سب سے کم عمر کرکٹر ہیں۔ غضنفر کا تعلق افغانستان سے ہے اور وہ دائیں ہاتھ کے آف اسپنر ہیں۔ نیلامی میں سب سے معمر کھلاڑی ٹی ٹوئنٹی لیجنڈ امت مشرا ہیں۔
ہیو ایڈمز آئی پی ایل کی نیلامی کے عمل کو سنبھالیں گے۔ انہوں نے سنہ 2018 میں رچرڈ میڈلے سے ذمہ داری سنبھالی تھی اور تب سے وہ آئی پی ایل کی نیلامی کی میزبانی کر رہے ہیں۔ آئی پی ایل 2022 کی میگا نیلامی میں ہیو ایڈمز کی طبیعت خراب ہوگئی تھی جس کے بعد چارو شرما نے ذمہ داری سنبھالی۔
نیلامی کے اختتام پر ہر ٹیم کے پاس کم از کم 18 کھلاڑی اور زیادہ سے زیادہ 25 کھلاڑی ہونے چاہئیں۔ ہر ٹیم میں زیادہ سے زیادہ آٹھ غیر ملکی کھلاڑی ہوسکتے ہیں۔