انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر بین اسٹوکس اکتوبر۔نومبر میں متحدہ عرب امارات اور عمان میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر ہو سکتے ہیں۔ آل راؤنڈر بین اسٹوکس رواں برس جولائی سے کرکٹ کے تمام فارمیٹ سے دور ہیں۔ انہوں نے ذہنی صحت پر دھیان دینے کے لیے کرکٹ سے بریک لیا ہے۔ اسٹوکس بھارت کے خلاف جاری پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز کا بھی حصہ نہیں ہیں جبکہ 19 ستمبر سے شروع ہونے والے آئی پی ایل 2021 کے دوسرے مرحلے میں بھی نہیں کھیلے گے۔
بین اسٹوکس ٹی۔20 ورلڈ کپ سے باہر ہوسکتے ہیں - آل راؤنڈر بین اسٹوکس
گزشتہ کئی ماہ سے کرکٹ کی تمام سرگرمیوں سے دور انگلینڈ کے کرکٹر بین اسٹوکس کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں کھیلنے پر تجسس برقرار ہے۔
آئی پی ایل فرنچائزی راجستھان رائلز نے بین اسٹوکس کی جگہ ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بولر اوشین تھامس کو متبادل کے طور پر ٹیم میں شامل کیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق آئندہ ماہ منعقد ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے اسٹوکس دبئی روانہ ہوں گے یا نہیں اس بات پر بھی تجسس برقرار ہے۔ تاہم ان کے قریبی ذرائع نے بتایا ہے کہ وہ اس وقت کرکٹ کے بارے میں نہیں سوچ رہے ہیں۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کرنے کی آخری تاریخ 10 ستمبر ہے اور انگلینڈ کے سلیکٹرز اس ہفتے 15 رکنی کھلاڑیوں اور تین ریزرو کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر سکتے ہیں۔ ٹیم کے بارے میں اعلان 9 ستمبر تک کیا جا سکتا ہے۔