لندن:اجنکیا رہانے نے ہندوستانی اننگز کے 55 ویں اوور میں کیمرون گرین کی گیند پر دو رن لے کر یہ کارنامہ انجام دیا۔ انہوں نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 39.22 کی اوسط سے 5020 رنز بنائے ہیں جس میں 12 سنچریاں اور 26 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں یہ سنگ میل عبور کرنے والے 13ویں ہندوستانی کھلاڑی ہیں۔ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو اجنکیا رہانے سے ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپکے فائنل کی دوسری اننگز میں شاندار کارکردگی کی توقع ہوگی۔
واضح رہے کہ رہانے کو خراب کارکردگی کی وجہ سے جنوری 2022 میں ہندوستان کی ٹیسٹ ٹیم سے باہر کردیا گیا تھا۔ نوجوان بلے باز شریس ائیر اپریل میں کمر کی تکلیف کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہو گئے تھے جس کے بعد ڈبلیو ٹی سی فائنل کے لیے رہانے کو طلب کیا گیا۔ رہانے جب بلے بازی کے لیے آئے تو ہندوستان نے 50 رنز پر تین وکٹ گنوا دیے تھے۔ انہوں نے وراٹ کوہلی (14) اور رویندر جڈیجا (48) کے آؤٹ ہونے کے باوجود لڑنا جاری رکھا اور شاردول ٹھاکر کے ساتھ سنچری شراکت داری کرکے ہندوستان کو سنبھالا۔