شارجہ: پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ جمعہ کو (24 مارچ) کو متحدہ عرب امارات کے شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ اس میچ میں راشد خان کی قیادت میں افغانستان ٹیم نے تاریخ رقم کی۔ افغانستان نے بین الاقوامی کرکٹ میں پہلی مرتبہ پاکستان کو شکست دی۔ پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں افغانستان نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی اور سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔ تینوں فارمیٹس میں یہ افغانستان کی پاکستان کے خلاف پہلی جیت تھی۔
پاکستان کے کپتان شاداب خان نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 92 رنز ہی بنا سکی۔ ان کی بیٹنگ مکمل طور پر فلاپ رہی۔ افغان ٹیم کی جانب سے فضل الحق فاروقی، مجیب الرحمان اور محمد نبی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ کپتان راشد خان، نوین الحق اور عظمت اللہ عمرزئی ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔ افغانستان کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 17.5 اوورز اور چار وکٹوں کے نقصان پر جیت حاصل کر لی۔ محمد نبی کو پلیئر آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔