ہمبنٹوٹا: سری لنکا نے اتوار کو دوسرے ون ڈے میں افغانستان کو 132 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے میزبان ٹیم نے دیموتھ کرونارتنے (52) اور کوسل مینڈس (78) کی نصف سنچریوں کی مدد سے افغانستان کو 324 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں افغانستان کی ٹیم حشمت اللہ شاہدی (57) اور ابراہیم زدران (54) کی نصف سنچریوں کے باوجود 191 پر آل آؤٹ ہوگئی۔ سری لنکا کی جیت میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے وینندو ہسرنگا اور دھننجے ڈی سلوا نے تین تین جبکہ دشمنتا چمیرا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ مہیش ٹیکشنا کو ایک کامیابی ملی ۔
سری لنکا نے ٹاس جیت کر بلے بازی کا فیصلہ کیا اور کرونارتنے نے پتھم نسانکا کے ساتھ پہلی وکٹ کے لیے 82 رنز کی شراکت کی۔ نسنکا نے چھ چوکوں کی مدد سے 56 گیندوں پر 43 جبکہ کرونارتنے نے 62 گیندوں پر 52 رنز بنائے۔ افغانستان کے اسپنرز نے ان دونوں بلے بازوں کو پویلین لوٹا دیا لیکن اس کے بعد مینڈس نے پچ پر اپنے پاؤں جمائے۔ مینڈس نے سدیرا سمارا وکراما کے ساتھ 88 رنز کی شراکت داری کی، انہوں نے 75 گیندوں پر سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 78 رنز بنائے۔ سمارا وکراما نے بھی پانچ چوکوں کی مدد سے 44 رنز بنائے۔