لندن: آسٹریلیا نے انگلینڈ کے سامنے 371 رن کا مشکل ہدف رکھا تھا۔ میچ کے پانچویں دن انگلینڈ کی چھ وکٹیں گرنے کے بعد اسٹوکس نے 155 رن بنائے، حالانکہ یہ ان کی ٹیم کی فتح کو یقینی بنانے کے لیے کافی ثابت نہیں ہوا۔ اسٹوکس نے اپنی 214 گیندوں کی اننگز میں نو چوکے اور نو چھکے لگائے۔ انگلینڈ نے دن کا آغاز 114/4 پر کیا، اگرچہ اس نے تحمل سے بیٹنگ کی لیکن پہلے ڈرنکس کے وقفے کے بعد بین ڈکٹ کی ایک شارٹ گیند پر وکٹ کیپر ایلکس کیری کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ ڈکٹ نے 112 گیندوں پر 83 رن بنائے اور میچ میں دوسری بار سنچری بنانے سے محروم رہے۔
لنچ سے کچھ دیر قبل کیری نے جونی بیئرسٹو کی لاپرواہی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انہیں رن آؤٹ کیا جس کے بعد اسٹوکس کی جارحانہ شکل دیکھنے کو ملی۔ اسٹوکس نے پہلے سیشن کے اختتام سے قبل تین چھکے لگا کر اپنی سنچری مکمل کی۔ دوسرے سیشن میں بھی انہوں نے تیز بلے بازی کی اور اسٹورٹ براڈ کے ساتھ ساتویں وکٹ کے لیے زیادہ تر اسٹرائیک کو اپنے پاس رکھتے ہوئے 108 رن کی شراکت داری کی۔