پاکستان کے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان آئندہ سیریز کے دوران میدان پر 25 فیصد شائقین کی موجودگی کی منظوری دے دی ہے۔
این سی او سی کے اس اعلان کے مطابق تقریبا 4500 شائقین کو ون ڈے میچ دیکھنے کی اجازت دی جائے گی، جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے تقریبا 5500 کو میدان میں بیٹھنے کی اجازت دی جا سکتی ہے، حالانکہ میدان میں صرف انہیں لوگوں کو داخلہ دیا جائے گا جنہیں کورونا ویکسین کے دونوں ڈوز لگے ہوں گے اور ان کے پاس کورونا ویکسینیشن کا سرٹیفکیٹ ہوگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے پیر کے روز ایک بیان میں کہا، 'شائقین کسی بھی کھیل کے ایونٹ کا جوہر ہوتے ہیں، کیونکہ وہ کھلاڑیوں کے لیے بہترین کارکردگی، پرفارمنس اور خوشگوار ماحول پیدا کرتے ہیں۔ ہم پی سی بی کو آٹھ میچوں کے لئے 25 فیصد شائقین کو بلانے کی اجازت دینے کے لئے این سی او سی کے شکر گزار ہیں۔'
انہوں نے کہا کہ 'مجھے یقین ہے کہ این سی او سی کے فیصلے کے بعد بغیر ویکسینیشن والے کرکٹ فالوور اپنے ویکسینیشن عمل میں تیزی لائیں گے، تاکہ وہ 2003 کے بعد سے دونوں ٹیموں کے درمیان گھریلو میدان پر پہلی سیریز دیکھ سکیں۔'