اردو

urdu

ETV Bharat / sports

انڈونیشیا اوپن: سندھو خطاب سے محروم - پی وی سندھو

بھارت کی اسٹار شٹلر پی وی سندھو کا رواں برس میں اپنا پہلا خطاب جیتنے کا خواب چوتھی سیڈ یافتہ جاپان کی اكانے یاما گوچی نے انڈونیشیا اوپن بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے فائنل میں توڑ دیا۔

سندھو خطاب سے محروم

By

Published : Jul 21, 2019, 8:31 PM IST

سندھو کا رواں برس میں یہ پہلا فائنل تھا، انہوں نے گذشتہ برس کے آخر میں ورلڈ ٹور فائنل میں خطاب جیتا تھا اور اس کے تقریباً آٹھ ماہ بعد ان کا یہ پہلا فائنل تھا لیکن وہ آخری رکاوٹ نہیں پار کر سکیں۔

انڈونیشیا اوپن میں بھارتی کھلاڑی پی وی سندھو کو جاپان کی اكانے یاما گوچی کے ہاتھوں 15-21، 16-21 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

سندھو کا عالمی درجہ بندی میں چوتھے نمبر کی کھلاڑی یاما گوچی کے خلاف 4-10 کا بہترین جیت کا ریکارڈ ہے، سندھو نے یاما گوچی سے اپنے گزشتہ چار مقابلے مسلسل جیتے تھے، انہوں نے آخری بار یاما گوچی کو ورلڈ ٹور فائنلز میں شکست دی تھی، لیکن یہاں خطابی مقابلے میں انہوں نے 51 منٹ میں ہی گھٹنے ٹیک دیئے۔

اس سے قبل بھارتی کھلاڑی سنہ 2019 میں انڈیا اوپن اور سنگاپور اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچی تھیں۔

سندھو رواں برس انڈونیشیا ماسٹرس کے کوارٹر فائنل، آل انگلینڈ کے پہلے راؤنڈ، انڈیا اوپن کے سیمی فائنل، ملائیشیا اوپن کے دوسرے راؤنڈ، سنگاپور اوپن کے سیمی فائنل، ایشیائی چیمپیئن شپ کے کوارٹر فائنل اور آسٹریلین اوپن کے دوسرے راؤنڈ میں باہر ہوئی تھیں۔

انڈونیشیا اوپن ٹورنامنٹ کے فائنل میں سندھو سے کافی امیدیں وابستہ تھیں لیکن انہوں نے توقعات کے مطابق کھیل نہیں کیا اور 51 منٹ میں ہی ہار گئیں۔

فائنل کے پہلے گیم میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان برابری کا مقابلہ ہوا اور سندھو کے پاس 12-14 برتری تھی لیکن یاما گوچی نے مسلسل آٹھ پوائنٹس کے ساتھ 14-20 کی برتری بنالی اور 15-21 کے اسکور پر پہلا گیم ختم کر دیا۔

جاپانی کھلاڑی نے دوسرے گیم میں 4-4 کی برابری کے بعد برتری بنانے کا سلسلہ جو شروع کیا وہ 16-21 سے گیم اور میچ جیتنے کے ساتھ ہی تھما۔
یاما گوچی نے دوسرے گیم میں سندھو کو اپنے پاس آنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔

اس شکست کے ساتھ ہی سندھو کا آٹھ ماہ بعد اپنے پہلے خطاب کا انتظار مزید بڑھ گیا ہے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details