سنہ 1939ء کی کلاسک فلم 'گون وِد دا وِنڈ' میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اولیویا ڈے ہیویلینڈ پیرس میں اپنے گھر میں انتقال کر گئیں۔
آسکر ایوارڈ یافتہ ہیویلینڈ ہالی وُڈ کے سنہری دور کی آخری حیات اداکارہ تھیں۔ 'گون وِد دا وِنڈ' نامی فلم میں اُن کے ساتھ کام کرنے والے تقریباً سبھی ساتھی اداکار ان سے پہلے انتقال کر چکے ہیں۔
دو بار آسکر ایوارڈ یافتہ ہیویلینڈ کو آج بھی گون وِد دا وِنڈ کے حوالے سے ہی یاد کیا جاتا ہے۔
ہالی وُڈ میں اپنے کیریئر کا آغاز انہوں نے 19 برس کی عمر میں کیا۔ ان کے کیریئر کی یادگار ترین فلم ظاہر ہے 'گون وِد دا ونڈ' ہی ہے جس نے آٹھ آسکر ایوارڈ جیتے تھے اور ریکارڈ بزنس کیا تھا۔ آج بھی اس فلم کو سب سے زیادہ کمانے والی فلموں میں شمار کیا جاتا ہے۔
تاہم ہیویلینڈ کو اس فلم میں ’بہترین معاون اداکارہ‘ کا آسکر ایوارڈ نہ مل سکا بلکہ یہ ایوارڈ ان کی ساتھی اداکارہ ہیٹی میک ڈینیئل کو ملا جو کسی افریقی امریکی کو ملنے والا پہلا اکیڈمی ایوارڈ تھا۔