اداکارہ سائرہ بانو کو ممبئی کے ہندوجا ہسپتال کے آئی سی یو میں داخل کرایا گیا ہے۔ 77 سالہ اداکارہ ہندوجا ہسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں ہیں۔
تین روز قبل ہائی بلڈ پریشر کی شکایت کے بعد 77 سالہ اداکارہ سائرہ بانو کو ہسپتال میں بھرتی کرایا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق طبی ٹیم ان کی خصوصی نگرانی کررہی ہے اور ماہر ڈاکٹرز کی مدد لی جارہی ہے۔
سائرہ بانو نے 1960 اور 1970 کی دہائی میں ہندی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔ وہ اپنی خوبصورتی اور نخرے اور تنک مزاج انداز کی وجہ سے پسند کی جاتی تھیں۔
واضح رہے کہ سائرہ بانو کے شوہر دلیپ کمار کا 7 جولائی کو انتقال ہوا ہے۔ 98 سالہ دلیپ کمار نے ممبئی کے ہندوجا ہسپتال میں آخری سانس لی۔
شہنشاہ جذبات دلیپ کُمار کی اہلیہ سائرہ بانو آخری سانس تک ان کے ساتھ موجود تھیں۔
آپ کو یہ جان کر بھی حیرت ہوگی کہ سائرہ بانو، دلیپ کُمار سے 22 سال چھوٹی ہیں۔ ایک انٹرویو میں سائرہ بانو نے بتایا تھا کہ وہ 12 سال کی عمر سے دلیپ کمار سے پیار کرتی ہیں۔
دلیپ صاحب کو جب اس بات کا علم ہوا تو اس وقت ان کی عمر 44 سال تھی۔ سال 1966 میں سائرہ اور دلیپ کی شادی بڑی دھوم دھام سے ہوئی۔ انہوں نے اپنے کریئر کا آغاز 1961 میں فلم 'جنگلی' سے شمی کپور کے ساتھ کیا۔
بتادیں کہ 1963 سے 1969 تک سائرہ بانو ایک سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ کی فہرست میں شمار ہوتی تھیں۔
سائرہ بانو کی والدہ نسیم بانو بھی اپنے وقت کی مشہور اداکارہ تھیں۔ سائرہ بانو سنہ 1941 میں پیدا ہوئی اور آٹھ سال بعد 1947 میں بھارت۔پاکستان تقسیم کے دوران ان کے والد پاکستان چلے گئے جبکہ وہ والدہ ساتھ ہندوستان میں رہیں۔ اس کے بعد نسیم اپنی بیٹی سائرہ کے ساتھ لندن چلی گئی تھیں۔