بالی ووڈ اداکارہ شبانہ اعظمی 18 ستمبر 1950 کو حیدرآباد میں پیدا ہوئیں۔ ان کے والد کیفی اعظمی (جو اترپردیش کے ضلع اعظم گڑھ کے رہائشی تھے) ایک مشہور شاعر اور نغمہ نگار تھے جب کہ والدہ شوکت اعظمی تھیٹر کی معروف اداکارہ تھیں۔ شبانہ نے سینٹ زیویئر کالج دہلی سے گریجویشن مکمل کی اور اس کے بعد انہوں نے پونے فلم انسٹی ٹیوٹ میں داخلہ لیا۔ وہ پونے میں اداکاری کی تربیت حاصل کرنے کے بعد اداکارہ بن گئیں۔
اداکارہ بننے کے لیے 1973 میں ممبئی آئی تھیں۔ یہاں ان کی ملاقات پروڈیوسر/ ہدایت کار خواجہ احمد عباس سے ہوئی جنہوں نے انہیں اپنی فلم 'فاصلے' میں کام کرنے کی پیشکش کی۔ اس فلم کی تکمیل سے قبل ان کی فلم انکُر ریلیز ہوگئی۔
شیام بینیگل کی ہدایت کاری میں بنی اور 1974 میں ریلیز ہوئی فلم انکُر حیدرآباد کے ایک سچے واقعے پر مبنی تھی۔ اس فلم میں شبانہ اعظمی نے ایک دیہاتی لڑکی لکشمی کا کردار ادا کیا جو شہر سے تعلق رکھنے والی کالج اسٹوڈنٹ سے پیار کرتی ہے۔ فلم بنانے کے دوران شیام بینیگل نے کئی اداکاراؤں کو اپنی کہانی سنائی لیکن سب نے فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا۔