اداکارہ ریا چکرورتی کو جمعرات کے روز باندرہ پولیس اسٹیشن بلایا گیا۔ سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی معاملے میں ان سے نو گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق پولیس نے تصدیق کی ہے کہ سشانت کی موت خودکشی کرنے کی وجہ سے ہوئی ہے۔ تاہم ان کے کمرے سے کوئی بھی خودکشی کا نوٹ برآمد نہیں کیا گیا ہے۔
سشانت کی خودکشی کے پیچھے کی وجہ کا پتہ لگانے کے مقصد سے ممبئی پولیس تفتیش کر رہی ہے اور اب تک پولیس نے 10 سے زائد افراد کا بیان درج کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ چند مہینوں سے سشانت کے سب سے زیادہ قریب ریا ہی تھی اور وہ تقریبا ہر وقت ساتھ رہتے تھے۔ اس لیے پولیس نے انہیں تفتیش کے لیے بلانے کا فیصلہ کیا اور ان سے الگ سے پوچھ گچھ کی گئی۔
ریا سے ہوئی پوچھ گچھ کے حوالے سے بتایا جارہا ہے کہ پولیس نے ریا اور سشانت کے درمیان ہوئی ٹیکسٹنگ کے بارے میں ریا سے پوچھ گچھ کی ہے۔ ساتھ میں ریا کے فون کو بھی اسکین کیا جارہا ہے جس میں ان دونوں کی ایک ساتھ کئی تصاویر اور ویڈیوز بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق ریا سے ان دونوں کے رشتوں کے افواہوں کے بارے میں سوال کیا گیا تو ریا نے بتایا کہ وہ سشانت کے ساتھ رہتی تھیں اور اس بارے میں بھی ریا نے انکشاف کیا کہ وہ دونوں ساتھ میں ایک رہائش گاہ خریدنے کے بارے میں بھی سوچ رہے تھے، ریا نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ وہ 2020 کہ آخر تک شادی بھی کرنے والے تھے۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے جب ان دونوں کے رشتے کے توڑے جانے کے بارے میں شک و شبہ ظاہر کیا تو ریا نے بتایا کہ ان کے درمیان لڑائی ہوئی تھی اور وہ سشانت کے پاس سے چلی گئی تھی۔ ریا نے وہ میسجز بھی پولیس کو دکھائے جو ان دونوں کے درمیان ہوئی تھی اور یہ بھی بتایا کہ وہ فون پر بھی بات کیا کرتے تھے۔