جوہی چاؤلہ کی پیدائش 13 نومبر 1967 کو ہوئی۔ ان کے والد ایس چاؤلہ ایک ڈاکٹر تھے۔ جوہی چاؤلہ نے اپنی ابتدائی تعلیم لدھیانہ سے مکمل کی۔ اس کے بعد انہوں نے آگے کی تعلیم ممبئی کے سڈنم کالج سے مکمل کی۔
حالانکہ جوہی چاؤلہ اب فلموں میں تو بہت کم ہی نظر آتی ہیں لیکن آج بھی ان کو پسند کیا جاتا ہے۔ وہ اب بیشتر وقت اپنی فیملی کے ساتھ گزارنا پسند کرتی ہیں۔
جوہی چاؤلہ 90 کے دہائی کی معروف اداکاراؤں میں سے ایک ہیں، جو آج بھی لوگوں کے دلوں پر راج کرتی ہیں۔
جوہی چاؤلہ نے 1984 میں مس انڈیا کا خطاب اپنے نام کرنے کے بعد 1986 میں فلم 'سلطنت' سے بالی ووڈ میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔
حالانکہ جوہی کی فلم باکس آفس پر کچھ کمال تو نہیں کر پائی لیکن ان کی اداکاری کو لوگوں نے خوب پسند کیا۔
فلم سلطنت کی ناکامی کے بعد جوہی چاؤلہ کو ہندی فلموں میں کام ملنا بند ہو گیا۔ اس درمیان انہوں نے روشن تنیجا کی اداکاری ٹریننگ اسکول میں تین ماہ کی تربیت حاصل کی۔ اس دوران جوہی چاؤلہ نے ساؤتھ فلموں کی جانب اپنا رخ کیا۔
سال 1987 میں ریلیز فلم 'پریم لوك' جوہی چاؤلہ کے کیریئر کی پہلی ہٹ فلم ثابت ہوئی۔
تقریباً چار سال تک ممبئی نگری میں جدوجہد کرنے کے بعد 1988 میں ناصر حسین کے بینر تلے بنی فلم 'قیامت سے قیامت تک' کی کامیابی کے بعد بطور فلم اداکارہ انڈسٹری میں اپنی شناخت بنانے میں جوہی چاؤلہ کامیاب ہو گئیں۔
سال 1990 جوہی چاؤلہ کے فلمی کیریئر کے لیے اہم سال ثابت ہوا۔ اس سال ان کی سورگ اور پرتی بندھ جیسی سپر ہٹ فلمیں ریلیز ہوئیں۔ فلم پرتی بندھ میں جوہی چاؤلہ اپنی بااثر اداکاری کے لیے بہترین اداکارہ کے فلم فیئر ایوارڈ کے لیے نامزد بھی کی گئیں۔
سنہ 1992 میں جوہی چاؤلہ کی اداکاری کے نئے روپ دیکھنے کو ملے۔ اس سال ان کی فلم 'رادھا کا سنگم'، 'میرے سجنا ساتھ نبھانا'، 'بے وفا سے وفا' اور بول رادھا بول جیسی فلمیں منظر عام پر آئیں، جو عورتوں پر مبنی تھیں۔
فلم 'بول رادھا بول' میں جوہی چاؤلہ نے گاؤں کی ایک لڑکی کا کردار ادا کیا، جس کے لیے انہیں بہترین اداکارہ کے فلم فیئر ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کیا گیا تھا۔
فلم میکرس نے جوہی کی صلاحیت اور ایک اداکارہ کے طور پر ان کی ایمانداری کی خوب تعریف کی۔ لیکن انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا تھا کہ ان کی زندگی میں یہ سب کچھ بائی چانس ہوتا گیا۔ لیکن ہاں، انہیں اس بات کا اندازہ بھی تھا کہ بغیر محنت اور لگن کے کامیابی نہیں ملتی۔
شاہ رخ خان اور جوہی چاؤلہ مزید پڑھیں:
سنہ 1995 میں جوہی چاؤلہ نے صنعت کار جے مہتا کے ساتھ شادی کر لی۔ سال 1999 میں انہوں نے فلم کی پروڈکشن کے میدان میں بھی قدم رکھ دیا اور شاہ رخ خان کے ساتھ مل کر 'ڈريمز ان لمیٹیڈ' بینر قائم کیا۔ اس بینر کے تحت سب سے پہلے 'پھر بھی دل ہے ہندوستانی'، 'اشوکا'، 'چلتے چلتے' جیسی فلمیں بنائیں۔